Mekran Website

وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ کا بلیدہ زعمران کا دورہ اور عبدوئی بارڈر کراسنگ پوائنٹ کا جائزہ

2 دسمبر بروز بدھ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام میر کمال خان عالیانی،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمدوسیم اشرف اور آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل سرفراز علی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بلیدہ زعمران (عبدوئی سیکٹر) کا اہم دورہ کیا۔ وفد میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی، ہوم منسٹر ضیاء لانگو، وزیر زراعت انجینئر زمرل اچکزئی، منسٹر لایئو سٹاک مٹھاخان کاکڑ، دیگر صوبائی ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول ملٹری حکام اورا سٹاف شامل تھے۔

وفد نے انٹرنیشنل کراسنگ پوائنٹ کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ وفد نے بارڈر فینسنگ سائٹ کا دورہ بھی کیا جہاں بریگیڈیئر عبد اللّٰہ سعید، کمانڈر سیکٹر ساؤتھ نے معزز مہمانوں کو بریفنگ دی۔ وفد نے فینسنگ سائٹ پر کام کرنے والے جفاکش مزدوروں اور ایف سی کے غیور جوانوں کی انتھک کاوشوں کو سراہا اور علاقے کی ترقی وخوشحالی کے لئے ایف سی ساؤتھ بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے جملہ احسن اقدامات کو سراہا۔ اس کے علاوہ پی ایس ڈی پی کے تحت بننے والے تربت-بلیدہ روڈ اور دیگر منصوبوں کے لئے سیکیورٹی کی فراہمی اور ہر ممکن مدد کی فراہمی پر بھی ایف سی بلوچستان کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کمانڈر سدرن کمانڈ کے ہمراہ افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، عزمِ مصمم اور فرض شناسی کی تعریف کی اور صوبے میں قیامِ امن و استحکام اور ترقی کے لیے سازگار ماحول ممکن بنانے میں گزشتہ سال سے جنرل وسیم اشرف کی ذاتی دلچسپی اور قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آبدوئی باڈر کراسنگ پوائنٹ پاک ایران اور پاک افغان سرحد پر دو طرفہ آمد و رفت اور تجارت کے انضباط اور انتظام میں ماڈل کا کردار ادا کرے گا اور گبد، ردیک ، چیدگی، جلگئی کی کراسنگز پر بھی ایسا ہی میکانزم قائم کیا جائے گا اور بارڈر مارکیٹس کے قیام سے کاروباری سرگرمیوں میں نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ تیزی بھی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سیکورٹی اور یہاں تجارت و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے افواج پاکستان کا کلیدی کردار عوام الناس کی خوشحالی اور خطے کے روشن مستقبل کی امید کا باعث ہے